مسلمانِ اول حضرت علی المرتضی

مسلمانِ اول حضرت علی المرتضی رضی اللہ تعالی عنہ

تاریخ اسلام میں وہ عظیم ہستی جن کی شہرت  وکمال سے ہر ایک شخص واقف ہے۔ جنہوں نے اسلام کے لئے زندگی کے ہر لمحہ میں قربانی پیش کی۔جن کے سامنے بڑے بڑے تجربہ کار جنگجو چند لمحات نہ رک سکے۔جو ایک ہاتھ سے خیبر کے دروازہ کو اکھاڑ ڈالے۔ جنہیں رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے دنیا وآخرت میں اپنا بھائی قرار دیا، وہ بلند وبالا عظمتوں کی مالک شخصیت حضرت مولی علی المرتضی شیر خدا مشکل کشا کی ہے۔آپ کے فضائل میں جتنی احادیث وارد ہوئی ہیں اتنی کسی کی شان میں وارد نہیں ہوئیں۔

حضرت امام أبو عبد الله الحاكم محمد بن عبد الله بن محمد بن حمدويه بن نُعيم بن الحكم الضبي الطهماني النيسابوري المعروف بابن البيع (المتوفى: 405ھ) روایت کرتے ہیں کہ حضرت امام احمد بن حنبل فرمایا کرتے تھے:

مَا جَاءَ لِأَحَدٍ مِنْ أَصْحَابِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنَ الْفَضَائِلِ مَا جَاءَ لِعَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ

 رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کے صحابہ میں سے کسی کی شان میں اتنی احادیث وارد نہیں ہوئیں جتنی حضرت علی بن ابی طالب کے فضائل میں ہیں۔

مستدرک علی الصحیحین: 4572

ان فضائل میں سے ایک فضیلت یہ بھی ہے کہ آپ سب سے پہلے اسلام لائے۔آپ رضی اللہ تعالی عنہ نے دس سال کی عمر میں اسلام قبول فرمایا۔

  • محمد بن اسحاق بیان کرتے ہیں:

«أَنَّ عَلِيَّ بْنَ أَبِي طَالِبٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَسْلَمَ وَهُوَ ابْنُ عَشْرِ سِنِينَ»

کہ حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ نے دس سال کی عمر میں اسلام قبول کیا۔

(مستدرک علی الصحیحین: 4580)

 نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم پر پیر کے دن وحی نازل ہوئی اورمنگل کے دن حضرت علی نے اسلام قبول کر لیا اور آپ کے ساتھ نماز ادا فرمائی۔

  •  حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں:

«نُبِّئَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَوْمَ الِاثْنَيْنِ، وَأَسْلَمَ عَلِيٌّ يَوْمَ الثُّلَاثَاءِ»

نبی اکرم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کو پیر کے دن نبوت دی گئی(یعنی ظاہری طورپر بعثت ہوئی)اور منگل کے دن حضرت علی اسلام لائے۔

(مستدرک علی الصحیحین: 4587)

  • عبداللہ بن بریدہ اپنے والد سے بیان کرتے ہیں:

 وَأُوحِيَ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَوْمَ الِاثْنَيْنِ وَصَلَّى عَلِيٌّ يَوْمَ الثُّلَاثَاءِ

رسول اللہ ﷺ کی جانب پیر کے روز وحی آئی اور حضرت علی نے منگل کے روز نماز ادا کی۔

(مستدرک علی الصحیحین: 4586)

  • حضرت علی المرتضی رضی اللہ تعالی عنہ بیان فرماتے ہیں:

 «عَبَدْتُ اللَّهَ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ سَبْعَ سِنِينَ قَبْلَ أَنْ يَعْبُدَهُ أَحَدٌ مِنْ هَذِهِ الْأُمَّةِ»

 اس امت کے کسی بھی فرد کے عبادت الہی شروع کرنے سے پہلے،سات برس تک صرف میں نے رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے ساتھ عبادت کی۔

(مستدرک علی الصحیحین: 4585)

  • حضرت عبداللہ بن عباد رضی اللہ تعالی عنہ بیان فرماتے ہیں:

لِعَلِيٍّ أَرْبَعُ خِصَالٍ لَيْسَتْ لِأَحَدٍ

حضرت علی المرتضی رضی اللہ تعالی عنہ میں چار وہ خوبیاں ہیں جو کسی دوسرے میں نہیں پائی جاتیں۔

هُوَ أَوَّلُ عَرَبِيٍّ وَأَعْجَمِيٍّ صَلَّى مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ،

(۱)تمام عرب وعجم میں رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کیساتھ سب سے پہلے آپ نماز پڑھی۔

وَهُوَ الَّذِي كَانَ لِوَاؤُهُ مَعَهُ فِي كُلِّ زَحْفٍ،

(۲)ہر جنگ میں جھنڈا(لواء) آپ کے پاس ہوتا تھا۔

وَالَّذِي صَبَرَ مَعَهُ يَوْمَ الْمِهْرَاسِ،

(۳)آپ ہی وہ ہیں جو مہراس کے دن (یعنی جنگِ احد میں) رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے ساتھ ٹِکے رہے۔

وَهُوَ الَّذِي غَسَّلَهُ وَأَدْخَلَهُ قَبْرَهُ

(۴)اور آپ ہی وہ شخص ہیں جنہوں نے رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کو غسل دیا اور آپ کو لحد میں اتارا۔

(مستدرک علی الصحیحین: 4582)  

  • حضرت علی المرتضی رضی اللہ تعالی عنہ بیان فرماتے ہیں:

 «إِنِّي عَبْدُ اللَّهِ، وَأَخُو رَسُولِهِ، وَأَنَا الصِّدِّيقُ الْأَكْبَرُ لَا يَقُولُهَا بَعْدِي إِلَّا كَاذِبٌ، صَلَّيْتُ قَبْلَ النَّاسِ بِسَبْعِ سِنِينَ قَبْلَ أَنْ يَعْبُدَهُ أَحَدٌ مِنْ هَذِهِ الْأُمَّةِ»

میں اللہ تعالی کا بندہ اور اس کے رسول کا بھائی ہوں۔میں صدیق اکبر ہوں میرے بعد یہ کاذب ہی کہے گا۔سب لوگوں سے سات سال پہلے میں نے نماز ادا کی،جب اس امت میں سے کسی نے بھی نماز ادا نہ کی تھی۔

(مستدرک علی الصحیحین: 4584)

اللھم ارنا الحق حقا وارزقنا اتبعہ

اللھم ارنا الباطل باطلا وارزقنا اجتنابہ

مفتی محمد شہزاد نقشبندی

۲۳ شوال المکرم ۱۴۴۵ھ

۳مئی ۲۰۲۴ء

ایک تبصرہ چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے